Feb ۱۶, ۲۰۱۸ ۰۸:۳۹ Asia/Tehran
  • ایل او سی پر فائرنگ، 6 ہلاک

پاکستان اور ہندوستان کی فورسز کے مابین لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس میں 6 افراد ہلاک ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹ میں دعوی کیا ہے کہ کنٹرول لائن تتہ پانی سیکٹر میں واقع ہندوستانی فوجیوں کی چوکی سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں شہری آبادی پر گولہ باری کی جا رہی تھی، جس کے جواب میں پاکستانی فوج نے ہندوستانی فوجی چوکی کو تباہ کر دیا جس کے نتیجے میں 5 ہندوستانی فوجی ہلاک اور کئی ہندوستانی فوجی زخمی ہوئے ۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہندوستانی فوج نے کل لائن آف کنٹرول پر ایک سویلین گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وین کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔

دوسری جانب ہندوستانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مینڈھر کے ڈیری ڈبسی علاقہ میں عسکریت پسندوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی جس کے نتیجے میں دو عسکریت پسند مارے گئے ۔

فوج کے مطابق بدھ کی رات تین سے چار عسکریت پسندوں پر مشتمل ایک گروپ نے ڈیری ڈبسی سے حد متارکہ عبور کرنے کی کوشش کی تاہم فوج کی بر وقت کارروائی سے اسے ناکام بنا دیا گیا۔

واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات ایک دوسرے پر لگاتے رہتے ہیں۔

ٹیگس