Feb ۱۶, ۲۰۱۸ ۰۸:۵۳ Asia/Tehran
  • پاکستانی فوجیوں کی سعودی عرب روانگی

پاکستانی فوج کے نئے دستے تربیتی اور مشاورتی مشن پر سعودی عرب بھیجے جائیں گے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے سیکورٹی تعاون کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے پاک فوج کے مزید دستے سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ نئے دستے اور پہلے سے موجود پرانے دستے سعودی عرب کے باہر تعینات نہیں کیے جائیں گے۔ ان دستوں کی نوعیت تربیتی اور مشاورتی مشن کی ہوگی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج سعودی عرب سمیت خلیج فارس تعاون کونسل کے دیگر رکن ممالک سے بھی دوطرفہ سیکورٹی تعاون کے تعلقات کو برقرار رکھتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانا چاہتی ہے۔

قبل ازیں پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالیکی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کرکے خطے کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی سایسی اور مذہبی جماعتوں اور اسی طرح ایوان بالا سینٹ اور قومی اسمبلی نے سعودی عرب میں پاکستانی فوجیوں کی تعیناتی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو کسی بھی تنازع میں فریق نہیں بننا چاہئیے بلکہ پاکستان کو ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہئیے اس لئے کہ افغانستان کی جنگ میں پاکستان کے کود پڑنے کا تاوان اب تک پاکستان ادا کر رہا ہے اور امریکہ کے کہنے پر اور امریکی ڈالروں کی وجہ سے پاکستان نے جس افغان جنگ میں امریکہ کا ساتھ دیا اب وہی امریکہ پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے اور پاکستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے۔

ٹیگس