Mar ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۱:۳۶ Asia/Tehran
  •  اسلام آباد میں پاک ایران بزنس فورم سے جواد ظریف کا خطاب

ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران، پاکستان کے ساتھ ہر شعبے بالخصوص اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے.

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے دورہ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں پاک ایران بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی روابط میں بہتری آرہی ہے اور پچھلے سال دوطرفہ تجارت کے حجم میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے.

محمد جواد ظریف نے کہا کہ تجارتی روابط میں اضافے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی شعبوں میں تعلقات میں اضافے کی بہترین صلاحیت موجود ہے.

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئےتیار ہیں اور اس حوالے سے تیل، گیس اور بجلی کے شعبوں میں ہر طرح کے تعاون کے لئے بھی آمادہ ہیں.

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ پاکستان بھی اس معاہدے پر عمل در آمد کرے گا .

محمد جواد ظریف نے بتایا کہ ہم چابہار فری زون میں پاکستانی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کی شراکت داری کا خیرمقدم کریں گے. گزشتہ 10 ماہ میں پاکستان، ایرانی مصنوعات کی برآمد کے لئے آٹھویں بڑی منڈی رہا ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ سائنس، صنعتی، جدید ٹیکنالوجی، نینو ٹیکنالوجی، ڈیموں، سڑکوں اور بڑے توانائی کے پلانٹس کی تعمیر کے لئے ہر قسم کے تعاون کرنے کے لئے آمادہ ہیں.

اس سمینار میں پاکستانی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور ایرانی سفیر مہدی ہنردوست سمیت ایران کے اعلی سطحی اقتصادی وفد کے اراکین بھی شریک تھے.

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ رات اسلام آباد پہنچے.

اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران ظریف پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے.

ٹیگس