Mar ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۹:۲۷ Asia/Tehran
  • حکمران اتحاد کو شکست،اپوزیشن کے صادق سنجرانی سینیٹ کے چیئرمین منتخب

پاکستان میں اپوزیشن اتحاد کے امیدوار صادق سنجرانی سینیٹ کے نئے چیئرمین اور سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین منتخب ہو گئے۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق پاکستانی سینیٹ میں نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے لیے پیر کی شام ایوان میں خفیہ رائے شماری کرائی گئی۔
سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کے لیے 103 اراکین نے حق رائے دہی کا استعمال کیا اور اپوزیشن اتحاد کے  امیدوار محمد صادق سنجرانی، 57 ووٹ حاصل کرکے سینیٹ کے نئے چیئر مین منتخب ہو گئے۔ حکمراں اتحاد کے امیدوار راجہ ظفر الحق 46 ووٹ حاصل کر پائے۔
پیپلز پارٹی اور اتحادیوں کے امیدوار سلیم مانڈوی والا 54 ووٹ لے کر سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوئے، جبکہ ان کے مدمقابل حکومتی اتحاد کے امیدوار عثمان کاکڑ نے 44 ووٹ حاصل کیے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں حصہ نہیں لیا جس کے باعث پولنگ کے اس عمل میں کل 98 ووٹ ڈالے گئے۔

پاکستانی سینیٹ کے نومنتخب چیئرمین صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔