Mar ۱۶, ۲۰۱۸ ۰۶:۴۵ Asia/Tehran
  • امریکہ کے لیے نامزد پاکستانی سفیر نیب عدالت کو مطلوب

پاکستان کی نیب عدالت نے حکومت کو 40 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں امریکا کے لیے نامزد سفیر علی جہانگیر کو طلب کرلیا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق نیب لاہور نے امریکا کے لیے نامزد سفیرعلی جہانگیر کو کرپشن کیس پر 22 مارچ کو تحقیقات کے لیے طلب کرلیا ہے۔ ان پر اپنی ہی کمپنی کے شیئر کی ان سائیڈ ٹریڈنگ کا الزام ہے جس کے تحت علی جہانگیر نے اپنی کمپنی ایگری ٹیکس کے 11 روپے مالیت کے حصص حکومتی اداروں کو 35 روپے میں فروخت کیے۔ اس اقدام کی وجہ سے حکومتی اداروں کو 40 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس حوالے سے ایس ای سی پی نے تحقیقات کی ہیں، نیب نے ایس ای سی پی کی یہ تحقیقاتی رپورٹ حاصل کرکے چیئرمین نیب کو ارسال کی جن کی منظوری کے بعد نیب لاہور نے علی جہانگیر کو تحقیقات کے لیے 22 مارچ کو طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے بھی نئے سفیر کی نامزدگی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ٹیگس