Apr ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۰:۵۷ Asia/Tehran
  • امریکہ مردہ باد ریلی

پاکستان کے شہر کراچی میں امریکہ مردہ باد و یکجہتی فلسطین و کشمیر واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء کی بڑی تعداد سمیت جامعہ کراچی کے اساتذہ کرام اور انجمنوں کے نمائندے، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت سول سوسائٹی اراکین، این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

 شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ ،اسرائیل اور برطانوی استعمار کے خلاف نعرے درج تھے ۔

شرکاء نے حالیہ دنوں شام پر امریکی جارحیت اور حملوں کو بین الاقوامی قوانین اور پوری دنیا کی تذلیل قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے امریکی جرائم کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا مطالبہ کیا۔

شرکائے ریلی سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، جماعت اسلامی کے سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر ابومریم سمیت آئی ایس او کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین و کشمیر مسلم امہ کے اہم ترین مسائل ہیں اور دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لئے فلسطین جیسے اور کشمیر جیسے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا ضروری ہے۔

انہوں نے فلسطینیوں کے یوم الارض کے موقع پر شروع ہونے والے فلسطینیوں کے حق واپسی کے گریٹ ریٹرن مارچ کی بھرپور حمایت کی اور مارچ کے شرکاء پر اسرائیلی درندگی کے خلاف زبردست احتجاج کیا اور کشمیر سمیت افغانستان میں امریکہ کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے عوام پر جاری بھاری ریاستی دہشت گردی کو رکوانے میں عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

 اس موقع پر مقررین نے یمن میں امریکی قیادت میں عرب ممالک کی جانب سے جاری یک طرفہ مسلط کردہ جنگ کو فی الفور روکنے کا مطالبہ کیا اور شام و افغانستان میں امریکی حملوں کو بین الاقوامی قوانین اور عالمی برادری کی تذلیل قرار دیا۔

ریلی کے شرکاء نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور سمیت برطانوی بوڑھے استعمار کے خلاف بھی نعرے لگائے اور امریکی و صیہونی پرچم کو بھی نذر آتش کیا گیا۔ 

ٹیگس