Apr ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۸:۳۳ Asia/Tehran
  • پاکستان پر امریکہ کا دباو کارگر

پاکستان کی وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کی جان لینے والے امریکی سفارت کار کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ میں امریکی سفارت کار کی گاڑی سے نوجوان عتیق کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ حکام نے معاملے کا مکمل جائزہ لینے کے بعد اپنی رائے قائم کرتے ہوئے کرنل جوزف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ویانا کنونشن کے تحت امریکی سفارت کار کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کوئی کنفیوژن نہیں، ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہمارے اپنے ملکی مفادات ہیں، پاکستان امریکا سمیت کسی بھی ملک کے نہیں بلکہ اپنے قومی مفاد کو دیکھتا ہے، کسی ملک کےساتھ غلط فہمیوں کی وجہ اس کے مفادات کو نہ ماننا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستانی سفارتکاروں سے متعلق اقدامات پر آگاہ کیا ہے کہ امریکا میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں کی نقل وحرکت یکم مئی سے محدود کی جائے گی، اس معاملے پر دونوں ممالک رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفارت کار نے سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تیز رفتار گاڑی ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا دی تھی جس سے موٹر سائیکل سوار نوجوان عتیق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہوگیا تھا۔

ٹیگس