Apr ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۸:۳۱ Asia/Tehran
  • امریکی ملٹری اتاشی کا نام پاکستان میں بلیک لسٹ میں شامل

اسلام آباد میں امریکی سفارتکار کی گاڑی سے جاں بحق ہونے والے پاکستانی نوجوان کی ہلاکت کے معاملے میں پاکستان نے واقعے کے ذمہ دار امریکی ملٹری اتاشی کا نام بلیک لسٹ میں شامل کر لیا ہے-

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامر فاروق نے امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ، ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی-

  عدالت میں ڈپٹی اٹارنی جنرل راجا خالد نے بتایا کہ امریکی ملٹری اتاشی کا نام بلیک لسٹ میں شامل کر لیا گیا ہے-

پاکستان کے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ امریکی ملٹری اتاشی پاکستان نہیں چھوڑ سکتے لیکن انہیں سفارتی استثنی حاصل ہے-

اس سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے تھے کہ امریکی ہوں گے اپنے ملک میں، ہمارے ملک میں سفارتکار ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ ہمارے لوگوں کو مارا جائے-

واضح رہے کہ گذشتہ سات اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہو گیا تھا۔