Apr ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۸:۵۲ Asia/Tehran
  • کوئٹہ میں خودکش حملے

پاکستان کے شہر کوئٹہ کے مضافاتی علاقے میاں غنڈی میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر خودکش حملے اور فائرنگ و جوابی فائرنگ میں پانچ سیکورٹی اہلکار اور تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق دہشت گردوں نے کوئٹہ کے مضافاتی علاقے میاں غنڈی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا جبکہ ایک اور دہشت گرد نے پولیس وین کو نشانہ بنانے کی کوشش کی-

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ دو خودکش حملہ آوروں نے میاں غنڈی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی اور تیسرے دہشت گرد نے ایئرپورٹ روڈ پر پولیس وین کو نشانہ بنایا جس میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے-

ان حملوں میں ایف سی اہلکاروں کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ سیکورٹی فورس اور پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی میں تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ دہشت گردی کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی اہلکاروں کی مزید نفری موقع پر پہنچ گئی- بتایا جاتا ہے کہ زخمیوں میں دو کی حالت تشویشناک ہے-