May ۲۲, ۲۰۱۸ ۰۹:۴۲ Asia/Tehran
  • امریکہ و اسرائیل فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کے درپے

پاکستان میں کوئی فرقہ واریت نہیں، ہم سب مسلمان نبی آخر الزماں محمد مصطفیٰ (ص) کی حدیث کے مطابق آپس میں بھائی بھائی ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے صوبائی سیکرٹریٹ شادمان لاہور میں کل مسالک علماء بورڈ کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ افطار میں مختلف مذہبی اور سیاسی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔

افطارڈنر کی اس پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ مسلمانوں کیلئے اللہ تبارک و تعالیٰ کی جانب سے کسی انعام اور تحفے سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ و اسرائیل اپنے کرائے کے قاتلوں کے ذریعے فرقہ واریت کو ہوا دیتا ہے، ہم ان دشمنانِ اسلام کو کبھی بھی ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ناصر عباس شیرازی کاکہنا تھا کہ یہاں موجود تمام مکاتب فکر سے مسالک کے نمائندوں کا ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کراتحاد و اتفاق کا اظہار کرنا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان میں کوئی فرقہ واریت نہیں، ہم سب مسلمان نبی آخر الزماں محمد مصطفیٰ (ص) کی حدیث کے مطابق آپس میں بھائی بھائی ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ فلسطین میں بسنے والے شیعہ نہیں مگر ان کی حمایت شیعہ حزب اللہ کرتی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلمان جسد واحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی شیعہ اور سنی متحد ہیں اور آج کا یہ اجتماع اسلام دشمنوں کے منہ پر طمانچہ ہے جنہوں نے امت کو تقسیم کرنے کی سازش کی۔

 ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر اس شخصیت کو دہشتگردوں نے نشانہ بنایا، جس نے دہشتگردی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ داعش نے عراق و شام میں بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کی، مگر مقامی شیعہ سنی نے اپنے اتحاد سے داعش کو ناکام بنا دیا، آج پاکستان میں بھی ہم نے دشمن کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ جن مکاتب فکر کو تم نے لڑانا چاہا، آج وہ یکجان ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کُل مسالک علماء بورڈ کے رہنما مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہ اتحاد امت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، بین المسالک ہم آہنگی کی جدوجہد کو مزید تیز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک کسی بھی قسم کی دہشتگردی اور فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہم سب کو مل کر فرقہ واریت کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہے۔

ٹیگس