May ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • پاکستان میں نگراں وزیرا‏عظم کے نام پر اختلافات

پاکستان میں عام انتخابات سے قبل حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگراں وزیرا‏عظم کے نام پر منگل کو بھی اتفاق رائے نہ ہو سکا۔

پاکستانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی ملاقات میں نگراں وزیرا‏عظم کے نام پر ایک بار پھر اتفاق رائے نہ ہو سکا- پاکستان کے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات، اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس کےدوران نگراں وزیراعظم کے ناموں پرغور کیا گیا تاہم یہ ملاقات بھی بے نتیجہ ثابت ہوئی-

ملاقات کے بعد اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ وزیراعظم ہاؤس سے روانہ ہو گئے- خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر اتفاق رائے کے حصول کے لئے آئندہ ایک دو دن میں پھر ملاقات ہو گی-

قبل ازیں اٹھارہ مئی کو بھی شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ کے درمیان ملاقات میں نگراں وزیراعظم کے ناموں پر غور کیا گیا تھا جس کے بعد اعلان کیا گیا تھا کہ بائیس مئی کو ایک اور ملاقات کے بعد نگراں وزیراعظم کے نام پر فیصلہ کر لیا جائے گا-

نگراں وزیرا‏‏عظم کے عہدے کے لئے حکمراں جماعت مسلم لیگ نون، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے کئی نام تجویز کئے مگر اب تک کسی ایک کے نام پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا-