May ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۶:۰۶ Asia/Tehran
  • خیبرپختونخوا میں فاٹا کے انضمام کا بل منظور

پاکستان کے قبائلی علاقے فاٹا کے صوبہ خیبر پختونخوا میں انضمام کا بل قومی اسملبی میں منظور کر لیا گیا۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات اکتیسویں آئینی ترمیم کا بل منظور کر لیا گیا- پاکستانی میڈیا کے مطابق فاٹا اصلاحات بل کے مطابق صوبائی قوانین کا اطلاق فوری طور پر ہو گا-

فاٹا اصلاحات بل وزیر قانون نے قومی اسمبلی میں پیش کیا جس کی شق وار منظوری دی گئی-  نون لیگ، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی نے بل کی حمایت کی جبکہ جمعیت علمائے اسلام اور پختونخواملی عوامی پارٹی نے بل کی مخالفت کی-

قومی اسمبلی کے دو سوانتیس ارکان نے اکتیسویں آئینی ترمیم کے حق میں اور گیارہ نے مخالفت میں ووٹ دیئے-

بل کی منظوری کے لئے ارکان اسمبلی کے دو سو اٹھائیس ووٹ درکار تھے- بل کی منظوری کے بعد پاکستان کے تمام قوانین فاٹا پر نافذ ہوں گے- فاٹا میں اب صدر اور گورنر کے اختیارات کے بجائے وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے اختیارات نافذ ہوں گے-

فاٹا اصلاحات بل کے لئے ووٹنگ کی ایک خاص بات یہ تھی کہ ووٹنگ کے دوران پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان بھی ایوان میں موجود تھے- بعد میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں یاد نہیں کہ وہ آخری بار کب قومی اسمبلی میں آئے تھے- ان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹھیک سے اسمبلی چلاتی تو وہ روز آتے-