Jun ۰۱, ۲۰۱۸ ۱۲:۱۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں انتخابات وقت پر ہوں گے: نگراں وزیراعظم

پاکستان کے نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے آج اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، ایوان صدر اسلام آباد میں نگراں وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی۔ صدر پاکستان ممنون حسین نے نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب کے بعد غیر رسمی طور پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات ضرور ہوں گے اور وقت پر ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی اپنی کابینہ تشکیل دیں گے جو مختصر ہوگی۔

تقریب حلف برداری میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت سابق کابینہ و قومی اسمبلی کے ارکان، سینیٹ کے چیئرمین اور ارکان، صوبائی گورنرز، ججز اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک اپنی کابینہ تشکیل دیں گے۔

تقریب حلف برداری سے قبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم ہاؤس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم ہاؤس سے روانگی پر اپنے عملے سے بھی الوداعی ملاقاتیں کیں۔

پاکستان کےنگراں وزیراعظم جسٹس ناصر الملک کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے، وہ 17 اگست 1950ء کو سوات میں پیدا ہوئے،جسٹس ناصر الملک کو 2004ء میں پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا جبکہ ایک سال کے بعد اُنہیں سپریم کورٹ کا جج تعینات کیا گیا تھا۔

جسٹس ناصر الملک سپریم کورٹ کے اُن ججوں میں شامل رہے ہیں جنہیں سابق فوجی صدر پرویز مشرف نے تین نومبر 2007ء کو ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد گھروں میں نظر بند کر دیا تھا تاہم اُنہوں نے 2008 ء میں ملک میں عام انتخابات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں اُس وقت کے چیف جسسٹس عبدالحمید ڈوگر سے دوبارہ اپنے عہدے کا حلف لیا تھا۔

جسٹس ناصر الملک نے اس 7رکنی بیچ کی سربراہی بھی کی تھی جس نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو 26 اپریل 2012ء میں اُس وقت کے صدر آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات کھولنے کے لیے سوئس حکام کو خط نہ لکھنے پر توہین عدالت کے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا۔

ٹیگس