Jun ۰۵, ۲۰۱۸ ۰۹:۲۸ Asia/Tehran
  • بلوچستان: خود کش حملے، 12 ہلاک و زخمی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ کے قریب کھڈ کوچہ کے مقام پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر2خود کش حملے ہوئے جس کے نتیجے میں 3سیکیورٹی اہلکار اور 5 دہشتگرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

سیکورٹی فورسز ذرائع کے مطابق پیر کی شام کو کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر 2 خود کش حملہ آوروں میں سے ایک حملہ آور کو سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کرکے مار ڈالا جبکہ دوسرے نے خود کو دھماکے سے اڑالیاجس کے نتیجے 3 سیکیورٹی فورسز اہلکار صوبیدار منیر احمد، سپاہی امجد خان، سپاہی پرویز مارے گئے جبکہ نصیراحمد، ارشاد اور نیاز زخمی ہوگئے جنھیں اسپتال منتقل کردیاگیا۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرلیااور حملہ آوروں کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

دریں اثنا فرنٹیئر کور بلوچستان کی آپریشن ردالفساد کے تحت کوہلو میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کے 3 دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

ہلاک شدگان کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے (بالا گروپ) سے تھا۔ واضح رہے ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر بارودی سرنگوں کے ذریعے دھماکوں اور دیگر سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث تھے۔

ٹیگس