Jun ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۹:۲۰ Asia/Tehran
  • چودھری نثار نے نون لیگ سے اپنی راہیں جدا کرلیں

پاکستان کے سابق وزیرداخلہ اور مسلم لیگ نون کے سینیئر رہنما چودھری نثارعلی خان نے پارٹی سے اپنی راہیں جدا کرتے ہوئے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان کے سابق وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے اڈیالہ روڈ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ الیکشن آزاد حیثیت سے لڑیں گے۔
انہوں نے مسلم لیگ نون پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں دس خامیاں ہیں تو نون لیگ میں سو خامیاں ہیں۔ چودھری نثارعلی خان نے کہا کہ بہت کچھ کہنا چاہتاہوں لیکن ہر بار چونتیس سالہ رفاقت کا خیال آجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ٹکٹ سیاسی یتیموں کو دے دئے ہیں۔ اب نون لیگ کے ٹکٹ کے بجائے آزاد الیکشن لڑوں گا اور اس کے لئے زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔
گذشتہ ایک ڈیڑھ سال سے چودھری نثارعلی اور مسلم لیگ نون کی قیادت میں اختلافات جاری تھے اور الیکشن آنے پر پارٹی کے اندر اس بات پر بھی اختلاف دیکھنے کو ملا کہ انہیں پارٹی کا ٹکٹ دیا جائے یا نہیں۔ پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا موقف تھا کہ چودھری نثار کو ٹکٹ نہ دیا جائے جبکہ شہباز شریف انہیں ٹکٹ دئے جانےکے حق میں تھے۔