Jun ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۷:۲۵ Asia/Tehran
  • مشرف غداری کیس، خصوصی عدالت کے قیام کا اعلان

پاکستان کی سپریم کورٹ نے ملک کے سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے لیے خصوصی عدالت قائم کر دی۔

پاکستان کی وزارت قانون کی جانب سے مشرف سنگین غداری کیس میں دو رکنی خصوصی عدالت کے قیام کا نوٹیفکیشن  بھی جاری کر دیا گیا۔ خصوصی عدالت کی سربراہی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس یاور علی اکبر کریں گے  جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نذر اکبر خصوصی عدالت کے دوسرے رکن ہوں گے۔

اس سے قبل صدرِ پاکستان ممنون حسین نے سابق صدر  پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے سلسلے میں دو رکنی خصوصی عدالت قائم کرنے کی منظوری دی تھی۔

خیال رہے کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے وزارتِ داخلہ کے ذریعے سنگین غداری کیس کی درخواست دائر کی گئی تھی جسے خصوصی عدالت نے تیرہ دسمبر دو ہزار تیرہ کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے سابق صدر کو چوبیس دسمبر کو طلب کیا تھا۔ تاہم وہ پیش نہیں ہو‏ئے۔
رپورٹ کے مطابق  سپریم کورٹ آف پاکستان نے پرویزمشرف کو وطن واپسی کیلئے جمعرات  دو پہر دو بجے تک عدالت کے روبرو پیش ہونے کی مہلت دے دی ہے۔
 

ٹیگس