Jun ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۳:۴۶ Asia/Tehran
  • پاکستانی سیکورٹی اہلکاروں کی فائرنگ میں 5 دہشت گردوں کی ہلاکت

پاکستان کے سیکورٹی اہلکاروں کی فائرنگ میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ اس سے قبل دہشت گردوں کے حملے میں کئی سیکورٹی اہلکار مارے گئے تھے۔

پاکستان کے شہر کوئٹہ میں لیویز کی گاڑی اور شمالی وزیر ستان میں رینجرز کی چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کے حملے میں متعدد سیکورٹی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر واقع کلی بنگلزئی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے لیویز کی گاڑی پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں تین لیویز اہلکار مارے گئے۔
دوسری جانب دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں افغانستان کی سرحد کے قریب واقع  پاکستانی چیک پوسٹوں پر فائرنگ کی۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں تین سیکورٹی اہلکار مارے گئے ہیں جبکہ جوابی کاروائی میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی چیک پوسٹوں پر یہ حملہ افغانستان کی حدود سے کیا گیا۔