Jun ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۵:۴۵ Asia/Tehran
  • پرویز مشرف اور فاروق ستار کے کاغذات نامزدگی مسترد

پاکستان کے آئندہ عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران سابق صدر پرویز مشرف اور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے-

پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کے چترال سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے- ان کے کاغذات نامزدگی ایک ایسے وقت مسترد کر دیئے گئے جب سات جون کو سپریم کورٹ نے مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست کی سماعت میں سابق صدر کو وطن واپس بلاتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا حکم دیا تھا تاہم بعد میں عدالت نے اپنا حکم واپس لے لیا-

ادھر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے ہیں- کراچی میں ریٹرننگ افسر احسان خان نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار دو مقدمات میں مفرور ہیں اور کاغذات نامزدگی میں انہوں نے دونوں مقدمات چھپائے ہیں- فاروق ستار کے پاس کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل کرنے کا حق ہے-

دوسری جانب مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے ہیں جبکہ کراچی کے علاقے لیاری سے بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔

ٹیگس