Jun ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۸:۲۴ Asia/Tehran
  • اردو کے معروف مزاح نگار اور ادیب انتقال کر گئے

اردو کے معروف مزاح نگار اور ادیب مشتاق احمد یوسفی انتقال کرگئے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق اردو کے معروف مزاح نگار اور ادیب مشتاق احمد یوسفی نے پچانوے سال کی عمرمیں اس دنیا کو الوداع کہا- وہ کافی عرصے سے علیل تھےاور کراچی کے اسپتال میں زیرعلاج تھے-

مشتاق احمد یوسفی چار ستمبر انیس سو اکیس کو ہندوستان کی ریاست راجستھان کے ضلع ٹونک میں پیدا ہوئے تھے- انہوں نے آگرہ یونیورسٹی سے فلسفے میں ایم اے کیا اور پھر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی -

مشتاق احمد یوسفی تقسیم ہند کے بعد کراچی چلے گئے اور مسلم کمرشیل بینک میں ملازمت اختیار کر لی۔ ان کی پانچ کتابیں شائع ہوئیں جن میں چراغ تلے ، خاکم بدہن، آب گم، زرگزشت، شام شعر یاران شامل ہیں-

ان کی ادبی خدمات کے پیش نظر حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز کے تمغوں سے بھی نوازا- مشتاق احمد یوسفی کا نہایت شگفتہ اور منفرد انداز بیان تھا- عصرحاضر میں مزاح نگاری کے ساتھ نثر نگاری میں بھی ان کا کوئی ثانی نہیں تھا-