Jun ۲۴, ۲۰۱۸ ۰۷:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان میں لاپتہ افراد کیس میں آئی ایس آئی عدالت طلب

سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کیس میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے صوبائی سربراہان کو طلب کرلیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے آج اتوار کو چھٹی کے روز بھی عدالت لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ نے سماعت میں ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ کے ساتھ ساتھ آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے صوبائی سربراہان کو بھی طلب کرلیا ہے۔

لاڑکانہ میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے سیشن کورٹ کا دورہ کیا اورمختلف سماعتوں کا جائزہ لیا۔  چیف جسٹس کی لاڑکانہ آمد کے موقع پر لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا اور چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے لاپتہ افراد کے لواحقین کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس، ڈی جی رینجرز سندھ سمیت دیگر اداروں کے افسران کو آج 12 بجے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں خاص طور سے کراچی سے کئی شیعہ شخصیات گزشتہ کئی ماہ سے لا پتہ ہیں اور ان کے اہل خانہ نے کئی مرتبہ احتجاجی مظاہرے بھی کئے لیکن تا حال ان لاپتہ افراد کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ انھیں مختلف ایجنسیوں نے اغوا کیا ہے۔

ٹیگس