Jul ۱۳, ۲۰۱۸ ۲۳:۴۷ Asia/Tehran
  • نواز شریف اورمریم نواز اڈیالہ جیل منتقل

ایون فیلڈ ریفرنس کے مجرموں سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کے برکنار اور سزا پانے والے سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کو اسلام آباد لے کر جانے والے طیارے نے تقریباً پونے گیارہ بجے نیوایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کے جوڈیشل وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں سزا یافتہ مجرم ہیں، اس لیے جیل بھیجا جائے۔

جس کے بعد احتساب عدالت کے جج نے سابق وزیرِاعظم نواز شریف اور مریم کو اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

اس سے قبل سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے طیارے نے لاہور ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پر لینڈ کیا، ابوظہبی سے پرواز ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچی۔ اس موقع پر ایئرپورٹ کے اندر اور باہر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار الرٹ رہے۔

نواز شریف اور مریم کو ایک خصوصی طیارے میں سوار کرایا گیا جس نے تھوڑی ہی دیر کے بعد اڑان بھر لی، یہ تمام مراحل آسانی سے انجام پائے اور سابق وزیرِاعظم کی جانب سے اپنی گرفتاری کے موقع پر کوئی مزاحمت سامنے نہ آئی۔ اس سے قبل ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم لاہور ائیرپورٹ پر موجود رہے، جہاں انھیں انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

نواز شریف اور مریم نواز کی لاہور آمد پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچاؤ کے لئے رینجرز نے لاہور ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھالے رکھا۔

سیکیورٹی خدشات سے نمٹنے کے لئے داخلی راستوں پر بھی اہلکار الرٹ رہے۔ اس کے علاوہ موٹروے اور نیشنل ہائی ویز بھی کئی مقامات سے بند کر دی گئیں، لاہور کے کئی علاقوں میں موبائل نیٹ ورک بھی جام رہی۔

 

ٹیگس