Jul ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۹:۳۱ Asia/Tehran
  • کالعدم تنظیموں کو الیکشن سے دور رکھا جائے، نگراں پاکستانی حکومت

پاکستان کے وفاقی وزیراطلاعات و قانون نے مطالبہ کیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکا جائے۔

پاکستان کے نگراں وفاقی وزیراطلاعات و قانون بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکا جانا چاہئے۔ وفاقی وزیراطلاعات و قانون نے کہا کہ اگر کالعدم تنطیموں میں سے کوئی بھی الیکشن میں حصہ لے گا تو اس کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے معاملے پر سو فیصد اثر پڑےگا۔ پاکستان کا نام پہلے ہی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لیسٹ میں شامل ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفت‍گو کرتے ہوئے پاکستان کے نگراں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو کالعدم تنطیموں اور ان سے وابستہ افراد کو الیکشن لڑنے سے فورا روک دینا چاہئے۔
نگراں وفاقی وزیراطلاعات کا کالعدم تنظیموں پر الیکشن میں پابندی عائد کرنے پر مبنی بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کے عام انتخابات میں مختلف دہشت گرد اور کالعدم تنظیمیں الگ الگ ناموں سے حصہ لے رہی ہیں بعض حلقوں میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ نون جیسی بڑی جماعتوں نے بھی کالعدم تنظیموں کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا ہے جن میں کراچی میں ایک دہشت گرد تنظیم کے سرغنے اورنگزیب فاروقی کی حمایت کے لئے مسلم لیگ نون اور پی ٹی آئی کے اعلان کی جانب اشارہ کیا جاسکتا ہے۔