Jul ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں انتخابی گہماگہمی اپنے عروج پر

پاکستان میں عام انتخابات کے لئے انتخابی گہما گہمی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے مختلف جماعتوں کے رہنما الگ الگ شہروں میں جلسے اور ریلیاں کررہے ہیں۔

پاکستان کے عام انتخابات کے لئے الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے اور پورے ملک میں ایسا لگ رہا ہے جیسے انتخابی جلسوں اور ریلیوں کی بہار آگئی ہو۔ سیاستدانوں نے ایک دوسرے پر لفظی حملے تیز کردیئے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے رہنما اتوار کو بڑے بڑے سیاسی شو کر رہے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اتوار کو اندرون سندھ سیہون شریف، میہڑ اور لاڑکانہ میں جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری آخری دو دن میں چھے شہروں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف ملتان میں جلسے اور کارکنوں سے خطاب کر رہے ہیں اور اس دوران وہ کارنرمیٹنگیں بھی کر رہے ہیں جبکہ خود لاہور میں بھی وہ ایک ریلی کی قیادت کر رہے ہیں۔ پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ نون لیگ پیر کو ڈیرہ غازی خان میں انتخابی مہم کا اختتامی جلسہ کرے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اتوار کو کراچی کا رخ کیا ہے جہاں وہ ایک بڑے جلسے کو خطاب کر رہے ہیں اس موقع پر جلسہ گاہ کی سیکورٹی کے لئے اٹھارہ سو پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے عمران خان کا یہ جلسہ باغ جناح گراؤنڈ میں ہو رہا ہے جس کے لئے چار سو فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔
ادھر کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی کے رہنما بھی الیکشن میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کی کوششوں کے تحت زور و شور کے ساتھ اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں ملک کے چاروں صوبوں میں صوبائی جماعتوں کے ساتھ ساتھ متحدہ مجلس عمل کے لیڈران بھی جلسے اور جلوس کر رہے ہیں۔
اس درمیان پاکستان کے حساس اداروں نے عام انتخابات میں حساس پولنگ اسٹیشنوں کے حوالے سے رپورٹ وزارت داخلہ اور الیکشن کمیشن کو پیش کردی ہے۔ رپورٹ میں پورے پاکستان کے بیس ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں جبکہ ساٹھ ہزار ایک سو پولنگ بوتھ کو حساس قراردیا گیا ہے۔
حساس اداروں کی رپورٹ کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹریوں اور آئی جی کو سیکورٹی اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔ پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لئے پچیس جولائی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

ٹیگس