Aug ۰۳, ۲۰۱۸ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran
  • عمران خان اور علامہ راجہ ناصرعباس کی ملاقات

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمرا ہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔

ہونے والی ملاقات کے موقع پر سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان سے انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے جدوجہد کو اولین ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا، معاشرے کو کرپشن کے ناسور سے پاک کرنے کے لئے بلا تفریق احتساب کے عمل کو یقینی بنانا ہوگا، میرٹ اور انصاف کی بالادستی کو یقینی بنانا ملکی ترقی اور امن کے لئے ناگزیر ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت آزاد اور خود مختار خارجہ پالیسی بنائے گی، پاکستان ایشیاء کا دل اور بیس کروڑ عوام کا ایٹمی ملک ہے، ہمیں دنیا میں پاکستان کی باوقار حیثیت کو واپس دلانا ہو گی۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے الیکشن میں پی ٹی آئی کی حمایت اور کامیابی میں بھرپور کردار ادا کرنے پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ سیاسی اتحاد آئندہ بھی جاری رہے گا، ہماری جدوجہد پرامن، مستحکم اور شدت پسندی سے پاک قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانے کے لئے جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ ایم ڈبلیو ایم نے انتخابات 2018 میں پی ٹی آئی سے سیٹ ایڈجسمنٹ کی تھی۔

اس سے قبل مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سابق وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ قاف کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر دونوں رہنماوں نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی بھی شدید مذمت کی ۔

ٹیگس