Aug ۰۶, ۲۰۱۸ ۰۷:۳۰ Asia/Tehran
  •  مولانا فضل الرحمان منسٹر کالونی سے آوٹ، دھرنا دینے کا اعلان

جے یو آئی (ف) نے حالیہ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف صوبے بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

جمعیت علماء اسلام (ف) کی مجلس شوریٰ کا پشاور میں اجلاس ہوا جس میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خصوصی طور پر شرکت کی اور نومنتخب ارکان اسمبلی بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں 8 اگست کو صوبے بھر میں اہم شاہراہوں پر دھرنا دینے کا فیصلہ کیا گیا جو صبح سے شام تک جاری رہے گا۔ فیصلے کے مطابق جنوبی اضلاع میں انڈس ہائی وے کو مختلف مقامات پر بند کیا جائے گا، مالاکنڈ، صوابی اور سوات میں بھی دھرنے دیئے جائیں گے جب کہ پشاور میں موٹر وے اور پاک افغان شاہراہ پر بھی دھرنا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ادھر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 13 سال بعد منسٹر کالونی سے اپنا سامان اٹھا لیا اور سینیٹر طلحہ محمود کے فارم ہاؤس منتقل ہوگئے۔

مولانا فضل الرحمان کو بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی منسٹر کالونی میں بنگلہ الاٹ ہوا تھا ۔ وہ آصف علی زرداری، نواز شریف اور پھر شاہد خاقان عباسی کے ادوار میں مسلسل 13 سال تک وزرا کالونی میں رہے۔

مولانافضل الرحمان کو عام انتخابات میں 2 حلقوں میں شکست کے بعد بنگلا نمبر 22 چھوڑنا پڑا ہے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی کو وفاقی وزیر کا درجہ اور مراعات حاصل ہوتی ہیں۔

ٹیگس