Aug ۰۷, ۲۰۱۸ ۰۷:۲۶ Asia/Tehran
  • عمران خان اورشہباز شریف کے درمیان وزارت عظمی کی جنگ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے عمران خان کو جبکہ مسلم لیگ (ن) نے شہباز شریف کو وزیراعظم نامزد کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے باضابطہ طور پر عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ اسلام آباد میں چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو پارلیمانی لیڈر نامزد کرنے کی تحریک پیش کی جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔

اس موقع پر تمام اراکین نے کھڑے ہو کر چیئرمین تحریک انصاف کو مبارکباد پیش کی اور ہال دیر تک تالیوں سے گونجتا رہا۔

دوسری جانب لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجلاس میں 25 جولائی کے دھاندلی شدہ الیکشن کی مذمت کی گئی جب کہ شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ  کا متفقہ امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 8 اگست کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ ہولڈرز شامل ہوں گے۔

 

ٹیگس