Aug ۰۸, ۲۰۱۸ ۲۰:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان میں اپوزیش جماعتوں کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج

پاکستان کے حالیہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف مخالف اتحاد نے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دے کر الیکشن کمیشن سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے-

پاکستان الائنس فار فری اینڈ فیئر الیکشن کی جانب سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر کے باہر احتجاج کیاگیا- اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنما اپنی اپنی جماعتوں کے  کارکنوں کے ساتھ ریلیوں کی شکل میں الیکشن کمیشن پہنچے - ریلیوں کی قیادت خورشید شاہ ، مولانا فضل الرحمن ، محمود خان اچکزئی ، راجا ظفرالحق ، شیری رحمان ، یوسف رضا گیلانی ، آفتاب شیر پاؤ، خواجہ آصف ، قمرزمان کائرہ ، نوید قمر اور احسن اقبال جیسے سیاسی لیڈروں نے کی - احتجاج کے موقع پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری الیکشن کمیشن کے باہر تعینات تھی - احتجاجی مظاہرے اور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی رہنماؤں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ملک میں شفاف الیکشن کرانے میں ناکام رہا ہے اس لئے فوری طور پر وہ مستعفی ہوجائے - مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ کارکنوں کی بڑی تعداد کی شرکت سے ثابت ہوگیا کہ عوام انتخابات کو مسترد کرتے ہیں -ان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس وقت وفاق کو خطرہ ہے اور ہم آئین اور پاکستان کو بچانا چاہتے ہیں - دوسری جانب انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی آئندہ کی حکمراں جماعت تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بہتر ہوتا کہ اپوزیشن جماعتیں احتجاج کرنے سے پہلے قانونی راستہ اختیار کرتیں - شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ایک سال بعد سڑکوں پر آئی تھی - ان کا کہنا تھا کہ گنتی کے بعد قانونی طریقہ اختیار کرنے کا سب کو حق ہے