Aug ۱۰, ۲۰۱۸ ۲۰:۱۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں قومی اسمبلی کے اجلاس اور عمران خان کی حلف برداری کی تاریخ کا اعلان

پاکستان میں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس اور عمران خان کی بحیثیت وزیر اعظم حلف برداری کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق  پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اٹھارہ اگست کو ملک کے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ اس بات کا اعلان پاکستان تحریک انصاف کے  سینیٹر فیصل جاوید خان نے کیا ہے۔ 

اس سے پہلے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کے صدر ممنون حسین نے تیرہ اگست کو  قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اس اجلاس میں قومی اسمبلی کے نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ اسد قیصر اسپیکر کے عہدے کے لئے ان کی جماعت کے امیدوار ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسد قیصر تمام پارلیمانی روایات سے واقف ہیں اس لئے اسپیکر کے لئے انہیں پارٹی کا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ چودھری سرور کو پنجاب کا گورنر بنانے کا فیصلہ کیاگیا کیونکہ وہ پنجات کی سیاست جانتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے اسی کے ساتھ کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کو واضح اکثریت حاصل ہوگئی ہے اس لئے پنجاب میں بھی انہیں کی حکومت بنے گی۔