Aug ۱۱, ۲۰۱۸ ۰۷:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان کے نومور کہنے پرامریکہ ناراض

ٹرمپ انتظامیہ نے خاموشی کے ساتھ پاکستانی افسران سے قطع تعلق کرتے ہوئے ایسے متعدد باہمی تربیتی اور تعلیمی منصوبوں کو ختم کردیا جو گزشتہ ایک دہائی سے بھی زائد عرصے سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط عسکری تعلقات کی بنیاد تھے۔

پاکستان کی جانب سے مزید شدت پسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن نہ کرنے کے امریکہ کے ڈومور کے مطالبے پرامریکی انتظامیہ نے پاکستان کی سیکیورٹی مدد ختم کرنے کا اعلان کیا ۔

اگرچہ پاک فوج اور پینٹاگون نے براہِ راست اس پر کوئی رائے نہیں دی لیکن دونوں ممالک کے افسران نے ذاتی سطح پر اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کے مطابق یہ پریشان کن فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے لیے شدید نقصان دہ ہے۔ پاکستانی افسران نے اس فیصلے پر خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی عسکری لیڈرشپ کی تربیت کےلیے چین اور روس سے رجوع کرسکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کےترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام (آئی ایم ای ٹی) کے تحت اس سال 66 پاکستانی افسران کو تربیت فراہم کرنا تھیں اور اب ان مواقع کو ختم کیا جارہا ہے۔ یہ مواقع یا تو استعمال نہیں ہوں گے یا کسی اور ملک کو فراہم کردیئے جائیں گے۔

پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکا کے سابق نمائندہ خصوصی، ڈین فیلڈ مین نے اس قدم کو ’ بہت تنگ نظری‘ قرار دیتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے مستقبل پر منفی اثرات کی وجہ کہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اس سے قبل اپنے ٹویٹ میں کہہ چکے ہیں کہ پاکستان نے ان کے ساتھ دھوکہ کیا اور جھوٹ بولتا رہا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی سینیٹ میں خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے اس اقدام کو مخالفانہ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسی ہفتے روس اور پاکستان فوجی تربیت کے ایک معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں جس کے تحت پاکستان کے فوجی افسران روسی اداروں میں تربیت حاصل کریں گے۔

 

ٹیگس