Aug ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۱:۳۳ Asia/Tehran
  • قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کی حلف برداری اور احتجاج

پاکستان کی قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے افتتاحی اجلاس میں ارکان نے حلف اٹھالیا ہے۔

اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں پندرہویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس جاری ہے، قومی ترانے، تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے بعد اجلاس کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز ہوا ۔ اسپیکر قومی اسمبلی  ایاز صادق نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔

اولین اجلاس میں عمران خان قائد ایوان کے لیے مخصوص نشست کے ساتھ والی نشست پر براجمان ہیں۔

حلف برداری سے قبل اسپیکر نے نئے اسپیکرو ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا اعلان کیا، جس کے مطابق اسپیکر کا انتخاب 15 اگست کو ہوگا اور اسی روز نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی کے ایوان کی کارروائی سنبھال کرڈپٹی اسپیکر کا الیکشن کروائیں گے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھالیا جس میں اپوزیشن نے بازوؤں پرسیاہ پٹیاں باندھ کرشرکت کی۔

اجلاس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔

بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب ارکان اسمبلی نے بھی آج حلف اٹھالیا۔

سندھ اسمبلی کے نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، سپیکر آغا سراج درانی نے ارکان سے حلف لیا۔

سندھ اسمبلی کے 164 نومنتخب ارکان میں پیپلزپارٹی 97 ، تحریک انصاف 30، ایم کیوایم پاکستان 21، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس 14 اور تحریک لبیک کے 3 ارکان شامل ہیں۔

پیپلزپارٹی نے مراد علی شاہ کو وزیراعلٰی، آغا سراج درانی کو سپیکر اور ریحانہ لغاری کو ڈپٹی سپیکر نامزد کیا ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلٰی، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے مشترکہ امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹیگس