Aug ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۷:۵۱ Asia/Tehran
  • عمران خان کے نام یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کا تہنیتی پیغام

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور نامزد وزیراعظم عمران خان کو حالیہ انتخابات میں کامیابی پر مبارکبادی کا پیغام ارسال کیا ہے۔

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے عمران خان کے نام اپنے اس تہنیتی پیغام میں امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت غیر ملکی جنگوں میں مداخلت سے اجتناب کرے گی۔

پاکستان کے سرکاری میڈیا نے خبردی ہے کہ یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ اور انصاراللہ کے سینیئر رہنما محمد علی الحوثی نے عمران خان کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ یمنی عوام کی انقلابی تحریک کے رہنما نے عمران خان کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے حکام غیر ملکی جنگوں میں مداخلت کے نتائج سے باخبر ہیں اسی لئے ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان کی نئی حکومت ٹھوس فیصلہ کرکے دیگر ملکوں منجملہ یمن میں مداخلت سے پرہیز کرے گی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مغرب، سعودی عرب اور ایران کے بارے میں عمران خان کے کھلے موقف کے پیش نظر وائٹ ہاؤس اور آل سعود سخت پریشان ہیں۔

تقریبا تین سال قبل سعودی عرب کی شاہی حکومت نے اپنے یکطرفہ اقدام کے تحت اور بعض مسلمان ملکوں سےہم آہنگی کئے بغیر ان کا نام اپنے خود ساختہ فوجی اتحاد میں شامل کرلیا تھا جن میں پاکستان بھی شامل ہے اور آل سعود حکومت نے اسلام آباد سے بھی اس سلسلے میں پہلے سے کوئی ہم آہنگی نہیں کی تھی۔ اس کے بعد جنوری دوہزار ستر میں سعودی حکومت کی درخواست اور پاکستانی وزارت دفاع کی اجازت سے پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو سعودی عرب کے خود ساختہ فوجی اتحاد کا سربراہ مقرر کر دیا گیا۔

پاکستان نے ملک کے اندر بہت زیادہ مخالفتوں اور کشمکش کے بعد سرانجام سعودی اتحاد میں شمولیت اختیار کرلی لیکن اس نے اعلان کیا کہ وہ علاقے کے کسی بھی ملک کے خلاف فوجی کارروائی میں شریک نہیں ہوگا بلکہ صرف تربیتی اور لاجسٹک امور تک اس اتحاد میں شامل رہے گا۔

ٹیگس