Aug ۱۶, ۲۰۱۸ ۰۸:۱۳ Asia/Tehran
  • پنجاب و بلوچستان اسمبلی کے اسپیکروں کا انتخاب آج جبکہ وزیراعظم کا انتخاب کل

پنجاب و بلوچستان اسمبلی کے اسپیکروں کا انتخاب آج جبکہ وزیراعظم کا انتخاب کل عمل میں آئے گا۔

بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے اجلاس سہ پہر 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کی صدارت سبکدوش ہونے والی اسپیکر راحیلہ حمید درانی کریں گی، اسمبلی میں نئے اسپیکر کا انتخاب سیکرٹ بیلٹ کےذریعے کیا جائے گا۔

بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے نئے اسپیکر کے لئے عبدالقدوس بزنجو کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لئے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی عمر خان جمالی کا نام سامنے آیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کےاسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے انتخاب آج صبح ساڑھے 10 بجے خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا، اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی کے نامزد کردہ چودھری پرویز الہٰی اور (ن) لیگ کے اقبال گجر مد مقابل ہیں جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی کے دوست مزاری کا مقابلہ (ن) لیگ کے وارث کلو سے ہوگا۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے پنجاب میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں (ن) لیگ کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف قیادت سے متعلق کی گئی ہرزہ سرائی ہر پہلے معافی مانگیں پھر ووٹ مانگیں اگر اس بار ہمیں شہباز شریف کی ندامت پر یقین ہوا تو پھر قیادت جو فیصلہ کرے گی قبول ہوگا۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قائدِ ایوان کے انتخاب کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ قائدِ ایوان کے امیدوار آج 16 اگست سہ پہر دو بجے تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں، کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کل تین بجے ہو گی۔ قائدِ ایوان کا انعقاد تقسیم کے عمل کے ذریعے سترہ اگست کو ہو گا۔

ایوان کی مجموعی تعداد کی سادہ اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار قائدِ ایوان منتخب ہو گا۔ اور زمینی حقایق کے مطابق عمران خان کے وزیراعظم بننے کے زیادہ اور روشن چانسز ہیں جبکہ منتخب ہونے والے قائدِ ایوان اٹھارہ اگست کو وزیرِاعظم کا حلف اٹھائیں گے۔

ٹیگس