Aug ۱۹, ۲۰۱۸ ۲۱:۵۷ Asia/Tehran
  • ایران پاکستان تعلقات کے فروغ کا عزم

پاکستان میں متعین ایران کے سفیر نے دونوں ملکوں کے دیرینہ رشتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران تمام شعبوں میں اسلام آباد کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لیے آمادہ ہے۔

ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے نیوز ایجنسی ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے، پاکستان کے حالیہ انتخابات کو جمہوریت اور جمہوری اقدار کی تقویت کی جانب ایک موثر قدم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ایران و پاکستان کے درمیان علاقائی اور عالمی میدانوں میں تعاون کے بھرپور مواقع موجود ہیں اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید پائیدار بنانے کی ضرورت ہے۔مہدی ہنر دوست نے ایران و پاکستان کے تعلقات کے مستقبل کو انتہائی روشن اور تابناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین برس کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم پانچ سو ملین ڈالر سے بڑھ کر ایک ارب تین سو ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ایران کے سفیر نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو دو طرفہ تعاون کے فروغ کا بہترین موقع قرار دیتے ہوئے کہا اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں تیزی کے ساتھ بہتری آئے گی۔انہوں نے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور منشیات کی اسمگلنگ کو دونوں ملکوں کے عوام اور حکومتوں کا مشترکہ درد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران اور اسلام آباد کو باہمی تعاون کے ذریعے مذکورہ مسائل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہیے۔

ٹیگس