Aug ۲۸, ۲۰۱۸ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • گستاخانہ خاکوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا اعلان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے مسلمانوں کی اجتماعی ناکامی ہیں جب کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی میں اس معاملے کو اٹھایا جائے گا۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر جو قرارداد پاس کی ہے، اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے، مغرب میں لوگوں کو اس معاملے کی حساسیت کا اندازہ نہیں جب کہ آزادی اظہار کے نام پر مغرب کا معاشرہ اس سے پیچھے نہیں ہٹے گا، مغربی معاشرے میں اس طرح کے کام کرنا آسان ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم پہلے او آئی سی کو اس معاملے پر متفق کرنے کی کوشش کریں گے، ان چیزوں کا بار بار ہونا مسلم دنیا کی اجتماعی ناکامی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ او آئی سی کو بہت پہلے اس پر ایک حکمت عملی بنانی چاہیے تھی، مسلمانان عالم پہلے ایک ہوں اور ایک چیز پر اکھٹی ہو، پھر اس مسئلے کو آگے اٹھایا جائے اور بتایا جائے کہ توہین رسالت(ص) پر ہمیں کتنی تکلیف ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 28 ہزارارب پاکستان پر قرضہ چڑھ چکا ہے،عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، عوام کا پیسہ ہمارے شاہانہ خرچوں کے لیے نہیں ہے۔

قابل ذکر ہے اس سے پہلےسینیٹ اجلاس میں ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف قرارداد مذمت منظور کرلی گئی، قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ نبی اکرم(ص) سے محبت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے، مسلمان اپنے پیغمبر اسلام (ص)  کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے، گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ ناقابل برداشت عمل ہے، حکومت اس مسئلے کو سفارتی سطح پر اٹھائے اور ہالینڈ کی حکومت سے بھرپور احتجاج کیا جائے۔

ٹیگس