Sep ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۹:۰۲ Asia/Tehran
  • افغانستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر پاکستان کی تاکید

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر زور دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے دورہ کابل میں ہفتے کو افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں انھوں نے کہا کہ افغانستان میں امن، پاکستان کے مفاد میں ہے اور پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لئے ہر اقدام کی حمایت کرتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کابل اور اسلام آباد کے درمیان مشترکہ تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مشترکہ دشمن ہیں اس لئے دونوں ملکوں کو چاہئے کہ اپنے باہمی تعاون سے حالات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔

بتایا جاتا ہے کہ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی مسائل نیز کابل حکومت کے ساتھ طالبان کے مذاکرات، دہشت گردی کے خلاف مہم، مشترکہ سرحدوں کی صورت حال اور اسی طرح جلال آباد میں پاکستان کے قونصل خانے کا بند ہونا ایسے مسائل رہے کہ جن پر اس ملاقات میں غور کیا گیا۔

پاکستان کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ کابل میں افغانستان کے اپنے ہم منصب صلاح الدین ربانی سے بھی ملاقات کی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دیورنڈ لائن پر اختلافات پائے جاتے ہیں اور دونوں ہی ممالک ایک دوسرے پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔