Oct ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۲:۰۸ Asia/Tehran
  • فیصل رضا عابدی گرفتار

اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ کی پولیس نے فیصل رضا عابدی کو گرفتار کرلیا ہے۔

پاکستان کے سابق سینیٹر،مشہور اسکالر اور شعلہ بیان مقرر فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی جس کیلئے پیشی کے موقع پر فیصل رضا عابدی نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے وکیل عمرے پر گئے ہوئے ہیں، ان کی واپسی تک سماعت ملتوی کی جائے۔ تاہم  پولیس نے فیصل رضا عابدی کو گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا ہے۔  فیصل رضا عابدی کے خلاف گزشتہ شب تھانہ سیکرٹریٹ میں نئی ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس میں ان پر اعلیٰ عدلیہ کے خلاف توہین آمیز بیانات دینے کا الزام ہے۔

عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 30اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

سپریم کورٹ کے ترجمان شاہد حسین کی مدعیت میں تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کرائے گئے مقدمے میں فیصل رضاعابدی پر الزام عائد کیا گیاہے کہ انہوں نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے ہیں۔

فیصل رضاعابدی کے خلاف مقدمہ زیر دفعہ 228،500، 505دو،506اور34کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ 7اے ٹی اے بھی لگائی گئی ہے، ان کے خلاف ایف آئی آر 19ستمبر کو درج ہوئی تھی۔

 

ٹیگس