Oct ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۵:۰۲ Asia/Tehran
  • پاکستان کے ضمنی الیکشن کے نتائج

پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی پینتیس نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں حکمراں جماعت تحریک انصاف اوراپوزیشن کی بڑی جماعت ن لیگ نے قومی اسمبلی کی چار چار نشستیں جیت لیں جبکہ ق لیگ نے دو اور ایم ایم اے نے بھی ایک سیٹ جیتی ہے۔

اتوار کو پاکستان میں ہونے ضمنی الیکشن میں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ نون کو فائدہ ہوا ہے اور وزیراعظم عمران خان کی چھوڑی ہوئی دو نشستوں سے پی ٹی آئی کو ہاتھ دھونا پڑا ہے۔ لاہور میں مسلم لیگ نون کے دو اہم رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی کی نشستیں جیت لی ہیں۔

حکمراں جماعت پی ٹی آئی کو مجموعی طور پرقومی اسمبلی کی تین نشستوں پر غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ لاہور میں قومی و صوبائی اسمبلی کی چاروں نشستیں ن لیگ کے نام رہیں۔ جبکہ پنجاب اسمبلی کی گیارہ نشستوں میں سے نون لیگ نے چھے حکمراں جماعت نے تین آزاد امیدواروں نے دو نشستیں حاصل کیں اس درمیان پی ٹی آئی کے دو امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔

اطلاعات ہیں کہ لاہور میں ن لیگ کے کارکنوں نے جشن منایا ہے- ق لیگ کے مونس الہی نے گجرات کے حلقہ این اے انہتر کی سیٹ جیت لی ہے۔ مسلم لیگ نون کے تاحیات قائد نوازشریف نے ضمنی انتخابات کے نتائج پرکہا کہ یہ نتائج آنے والے وقت کے لئے پیغام ہیں عوام نے جوق در جوق مسلم لیگ نون کو ووٹ دیا ہے۔