Oct ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۹:۱۶ Asia/Tehran
  • پاکستانی زائرین سکیورٹی اور ویزہ مسائل سے دوچار

عراقی وزیر خارجہ نے پاکستان میں عراقی سفارتخانے کی طرف سے ویزہ جاری کرنے کے عمل میں تیزی لانے کی یقین دہانی کرائی۔

پاکستان میں اربعین حسینی میں شرکت کرنے والے زائرین کو سکیورٹی اور ویزہ مسائل در پیش ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنےعراقی ہم منصب ابراہیم الجعفری سے ٹیلیفونک گفتگو میں پاکستانی زائرین کی ویزے سے متعلق مشکلات پر گفتگو کی۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو بتایا کہ اب بھی پاکستانی زائرین کی ایک بڑی تعداد ویزے کی منتظر ہے، انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ان زائرین کو جلد از جلد ویزے فراہم کیے جائیں۔

عراقی وزیر خارجہ نے پاکستان میں عراقی سفارتخانے کی طرف سے ویزہ جاری کرنے کے عمل میں تیزی لانے کی یقین دہانی کرائی۔

چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے پاکستان بھر سے زائرین کے تفتان کے راستے ایران پہنچنے کا سلسلہ پاکستان کی سرحد میں پائے جانے والے مسائل کے باوجد بالآخر شروع ہوگیاہے۔ واضح رہے کہ سکیورٹی مسائل کی وجہ سے زائرین کو قافلوں کی صورت میں کوئٹہ سے تفتان پہنچایا جاتا ہے جس میں کئی روز لگ جاتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ فرزند رسولۖ  حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب باوفا کا چہلم بیس صفرالمظفر مطابق تیس اکتوبر کو منایا جائے گا اور اس روز عراق و ایران سمیت پوری دنیا کے مختلف ملکوں کے کروڑوں زائرین جنوبی عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی پہنچ کر بارگاہ عصمت و طہارت میں نذارنہ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

 

ٹیگس