Oct ۲۷, ۲۰۱۸ ۰۶:۱۵ Asia/Tehran
  • پاکستان: سیاسی بنیادوں پر تعینات سفیروں کی تبدیلی کا فیصلہ

پاکستان کی حکومت نے امریکا اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک کے سفرا اور ہائی کمشنرز کی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پاکستانی دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق حکومت نے امریکا اور برطانیہ سمیت اہم ممالک میں سیاسی بنیادوں پر تعینات سفرا اور ہائی کمشنرز کی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سیاسی تعیناتی کو تبدیل کررہے ہیں، واشنگٹن اور لندن میں نئے سفراء تعینات کئے جائیں گے، ڈاکٹر اسد مجید خان کو امریکا میں بطور سفیر جب کہ لندن میں نفیس زکریا کو ہائی کمشنر بنایا جارہا ہے۔

پاکستانی وزیرخارجہ کے مطابق جن نئے سفرا کو دیگر ممالک میں تعینات کیا جارہا ہے ان میں راجہ علی اعجاز کو سعودی عرب، قطر دوحہ میں سید احسن رضا، مراکش میں حامد اصغرخان، صربیا میں شہریار اکبر خان، ہوانا میں صاحبزادہ احمد خان کو سفیرجب کہ  کینیڈا میں رضا بشیر تارڑ کو ہائی کمشنر اور دبئی میں احمد امجد علی کو قونصل جنرل مقرر کیا جا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نئے سفرا کی تعیناتی میں نہ تو کوئی سیاسی عمل دخل شامل ہے اورنہ ہی ذاتی پسند اورناپسند کو سامنے رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں تعنیات پاکستان کے جوان سال سفیر علی جہانگیر صدیقی پرحکومت میں آنے سے پہلے پی ٹی آئی اعتراض کر چکی تھی۔

 

ٹیگس