Nov ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۴:۱۳ Asia/Tehran
  • توہین رسالت کی ملزمہ کی پاکستان سے بیرون ملک جانے کی تردید

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس خبر کی تردید کی ہے کہ توہین رسالت کی عیسائی ملزمہ آسیہ بی بی کو بیرون ملک منتقل کر دیا گیا۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے کہا ہے کہ آسیہ بی بی، اسلام آباد میں موجود ہے اور اس کی بیرون ملک منتقلی کی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اس کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے اور جب تک کیس جاری ہے وہ بیرون ملک جانے کا حق نہیں رکھتی۔

اس سے قبل پاکستان کے ذرائع ابلاغ کی جانب سے آسیہ بی بی کے بارے میں متضاد رپورٹیں دی جا رہی تھی اور کہا جا رہا تھا کہ وہ ملتان جیل سے بیرون ملک منتقل ہو گئی ہے۔

حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی بنیاد پر اسے ملتان جیل سے رہا کر کے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اسے رہا کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ملک بھر میں اس ملک کی مذہبی جماعتوں نے مظاہرے اور ہڑتال نیز دھرنے دیئے تھے جس سے ملکی سطح پر پاکستان کی صورت حال بحرانی ہو گئی تھی اور پھر حکومت اور مظاہرہ کرنے والی مذہبی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کے بعد مظاہروں کا سلسلہ تھم گیا تھا۔