Nov ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • پاکستان اور ہندوستان کے درمیان الزام اورجوابی الزام کا سلسلہ

پاکستان نے ہندوستانی وزیر اعظم کے اس الزام کو مسترد کردیا ہے کہ اسلام آباد دہشت گردی کی حمایت کر رہا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل خان نے جمعے کو ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کے اس بیان کے ردعمل میں کہ اسلام آباد دہشت گردی کی حمایت کر رہا ہے کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم اس طرح کے بیان سے ہندوستان کے  کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے رائے عامہ کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کےترجمان نے کہا کہ ہندوستانی حکام کو چاہئے کہ وہ اس طرح کے بیانات دینے کے بجائے تعمیری مذاکرات کے لئے میز پر آئیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے سنگاپور میں آسیان اجلاس کے موقع پر امریکا کے نائب صدر مائک پینس کے ساتھ ملاقات میں ممبئی کے دہشت گردانہ حملوں کے اصلی ملزم حافظ سعید کی پاکستان میں  سیاسی سرگرمی اور موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ جن لوگوں نے ممبئی کے دہشت گردانہ حملوں میں حصہ لیا تھا وہ پاکستان کے حالیہ عام انتخابات میں کافی سرگرم دکھائی دے رہے تھے۔

ہندوستان کا کہنا ہے کہ دوہزار آٹھ کے ممبئی کے دہشت گردانہ حملے میں کالعدم تنظیم لشکرطیبہ کے سرغنہ حافظ سعید کا ہاتھ ہے ان حملوں میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔