Nov ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۷:۵۶ Asia/Tehran
  • پاکستان امریکہ کی کالونی نہیں، ٹرمپ کو پاکستانی حکام کا انتباہ

پاکستان کے حکام اور سیاسی و مذہبی جماعتوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر سخت رد عمل دکھایا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق پیر کی رات ٹرمپ نے ٹویٹ پر ایک اور بیان داغ دیا اور کہا کہ اب ہم پاکستان کو امداد نہیں دیں گے جس پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے غلط بیانات زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ کا خمیازہ جانوں کے ضیاع اور معاشی عدم استحکام کی شکل میں بھگتا ہے، ٹرمپ کو تاریخی حقائق سے آگاہی درکار ہے، ہم امریکی جنگ میں پہلے ہی کافی نقصان اٹھا چکے ہیں لیکن اب ہم وہی کریں گے جو ہمارے مفاد میں بہتر ہوگا۔

قبل ازیں کیے گئے ٹوئٹس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کے بجائے افغانستان میں اپنی ناکامیوں پر غور کرے کہ کیوں ایک لاکھ 40 ہزار نیٹو اہلکار، ڈھائی لاکھ افغان فوج کے باوجود امریکا جنگ نہ جیتا، ایک ٹریلین ڈالر خرچ کرنے کے باوجود طالبان آج پہلے سے زیادہ توانا کیوں ہیں؟

عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر تاریخ درست کرنے کی ضرورت ہے، نائن الیون میں کسی پاکستانی کے شامل نہ ہونے کے باوجود پاکستان نے امریکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا اور پاکستان نے اس جنگ میں 75 ہزار جانیں اور 123 ارب ڈالرز کا نقصان اٹھایا، ہمارے قبائلی علاقے تباہ اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور اس کے بدلے امریکا نے صرف 20 ارب ڈالرز امداد دی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکی جنگ کی قیمت خون سے چکائی ہے، ہم نے 75 ہزار لوگوں کی قربانی دی اور ہماری معیشت کا 123 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، اگر آج امریکا محفوظ ہے تو پاکستان کی وجہ سے ہے۔

پاکستان کے سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک امریکی ٹی وی کو دیا گیا انٹرویو تاریخی حقائق کے منافی ہےامریکی صدر کی ایک خود مختار ملک کے حوالے سے زبان جارحانہ ہےپاکستان امریکہ کی کلائینٹ ریاست نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکی صدر بھول رہے ہیں کہ پاکستانی عوام کی خواہشات کے منافی امریکہ کو بڈا بیر، اور شمسی ائیر بیس دئیے گئے،امریکہ کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی شہریوں اور سیکورٹی فورسز کی جانیں گئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ پاکستان کی امداد اس لئے بند کی کیونکہ اس نے ہمارے لئے کچھ نہیں کیا۔

 

ٹیگس