Dec ۳۰, ۲۰۱۸ ۱۸:۲۶ Asia/Tehran
  • بلاول کی ممکنہ گرفتاری، پیپلز پارٹی کا سخت انتباہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما خورشید شاہ نے اپنی پارٹی کے چیئرمین کی ممکنہ گرفتاری کی بابت حکومت کو سخت خبردار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول کو گرفتار کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی گرفتاری ایک خطرناک کھیل ہو گا جس سے ملک، افرا تفری کا شکار ہو جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں پاکستان کی سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایک سو بہتر افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں جن میں سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، ملک ریاض، مراد علی شاہ، قائم علی شاہ اور فریال تالپور کے نام شامل ہیں۔
صوبہ سندھ میں گورنر راج لگانے سے متعلق سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ آئین اور قانون میں اس کی کوئی گنجائش موجود نہیں، صرف مارشل لا کے ذریعے آئین ختم کر کے گورنر راج لگایا جاسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کی حکمراں جماعت نے صوبہ سندھ میں حکومت تبدیل کرنے اور بصورت دیگر گورنر راج کے نفاذ کی کوشش شروع کر دی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ تحریک انصاف نے سندھ میں تبدیلی کے لیے فارورڈ بلاک بنانے کی غرض سے پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی سے رابطے تیز کر دیئے ہیں۔

ٹیگس