Jan ۰۷, ۲۰۱۹ ۰۹:۰۱ Asia/Tehran
  • ابوظہبی کے ولیعہد کا دورہ پاکستان ایک روزہ 3 روزہ یا 7 روزہ

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کے متضاد دعووں نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر بحث و مباحثہ کا ایک نیا پنڈورا کھول دیا ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ یہ کہنا غلط ہے کہ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان دو گھنٹے کے لیے آئے اور چلے گئے، حقیقت یہ ہے کہ ابوظہبی کے ولی عہد تین دن سے پاکستان میں تھے اور آج اسلام آباد سے واپسی ہوئی، ایسے دوروں کی تمام تفاصیل پہلے سے طے ہوتی ہیں۔ جبکہ  بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زیدالنہیان 7 روزسے پاکستان میں تھے، وہ7 روز سے فیملی سمیت چولستان میں مقیم تھے، یکم جنوری کو ولی عہد ابوظہبی شیخ محمد بن زایدالنہیان چولستان آئے تھے وہ الحبیب ایئرپورٹ چانجنا چولستان کے مقام پر اترے تھے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ہونے والی گرما گرم بحث کے بعد رات کو وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے وضاحتی بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارت کے ولی عہد محمد بن زاید النیہان کا سرکاری دورہ ایک روزہ تھا، جو کہ طے شدہ شیڈول کے تحت مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ولی عہد کا نور خان ایئر بیس پر شاندار استقبال کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستانی اورعالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان اتوار کے دن ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔ پاکستان پہنچنے کے بعد ان کی وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوئی، جس کے بعد انہوں نے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی اور وطن واپس روانہ ہوگئے۔

 

ٹیگس