Jan ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۶ Asia/Tehran
  • تحریک انصاف کے خفیہ اکاؤنٹس کا انکشاف

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف ملک بھر میں اٹھارہ خفیہ بینک اکاؤنٹس استعمال کر رہی ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے اسٹیٹ بینک نے شیڈول بینکوں سے حاصل کی جانے والی معلومات الیکشن کمیشن میں جمع کرائی ہیں جن میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کے، ملک کے مختلف شہروں میں کل چھبیس بینک اکاؤنٹس ہیں لیکن الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی معلومات میں صرف آٹھ بینکوں کے بارے میں ہی معلومات فراہم کی گئی تھیں-

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دیگر بینک اکاؤنٹس جعلی یاغیر قانونی اکاؤنٹس کے زمرے میں آتے ہیں-

الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی سالانہ آڈٹ رپورٹ کے ساتھ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا دستخط شدہ سرٹیفکٹ بھی موجود تھا-

  دوسری جانب قومی احتساب بیورو نیب کے کیسز کا سامنا کرنے والے اعظم سواتی کا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر کی حیثیت سے استعفا منظور کر لیا گیا-

پاکستان کی کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی کے استعفے کی منظوری کا اطلاق چھے دسمبر دو ہزار اٹھارہ سے ہی ہو گا-

جے آئی ٹی کی رپورٹ میں اعظم سوا تی کو آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کے معاملے میں قصور قرار دیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ انہوں نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا تھا-