Jan ۱۲, ۲۰۱۹ ۰۷:۳۲ Asia/Tehran
  • پاکستان نے کی اسرائیلی شہریوں کو ویزا دینے کی تردید

پاکستان کی حکومت نے اسرائیلی شہریوں کو ویزا دینے کی خبر بے بنیاد قرار دے دی۔

پاکستانی وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی باشندوں کے لیے ویزا کی کوئی سہولت جاری نہیں کی جارہی، میڈیا اور پریس میں نشر ہونے والی وہ خبرغلط اور بے بنیاد ہے جس میں اسرائیلی شہریوں کو پاکستانی ہوائی اڈوں پر اترتے ہی ویزا فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

ترجمان نے دوٹوک اور واضح انداز میں کہا ہے کہ پاکستان کے اسرائیل سے سفارتی تعلقات نہیں ہیں اسی لیے ویزا سہولیات کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ گذشتہ چند روز سے پاکستانی میڈیا میں کچھ اس قسم کی خبریں موضوع بحث رہیں کہ پاکستان کی حکومت اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کر رہی ہے اور اسرائیلی شہریوں کو ایئر پورٹ پر ویزا جاری کیا جائے گا جس کے بعد پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں نے سخت رد عمل دکھایا اس کے بعد اب حکومت کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔

 

ٹیگس