Jan ۱۳, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۳ Asia/Tehran
  • عمران خان کی حکومت انتقامی سیاست کر رہی ہے، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر عوام نے اسلام آباد پر چڑھائی کردی تو حکومتی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی ۔

صوبہ سندھ کے شہرکوٹری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی  کی کٹھ پتلی حکومت سوچ رہی ہے کہ اٹھارویں ترمیم ختم کرکے ان کو فائدہ ہوگا لیکن اگر وہ آئین پر کوئی حملہ کریں گے تو اس سے وفاق کو نقصان پہنچے گا، انہوں نے الیکشن سے پہلے جتنے وعدے کیے سب جھوٹ نکلے، سبز باغ عوام کے لیے کانٹوں کا ہار بن گئے، حکومت جتنا آگے جارہی ہے ملک اتنا پیچھے جارہا ہے، ہم انتقامی سیاست کا مقابلہ کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اصولوں کی سیاست کا دھوکا دے کر عوام کو بیوقوف بنایا، آپ اور آپ کے لاڈلوں نے عہدے تو حاصل کئے لیکن پاسداری نہیں کرسکے، آپ کے وعدے اور اعلانات سب فراڈ نکلے، تمہارے ای سی ایل اور نیب سے نہیں ڈرتے، ہمارے صبر کا امتحان نہ لو، تم سے پہلے بھی بہت فرعون آئے، تم کیا چیز ہو تم کٹھ پتلی اور بے نامی وزیراعظم ہو، تم باز نہ آئے تو تمہیں سبق سکھائیں گے کہ ووٹ کی چوری کا بدلہ کیسے لیا جاتا ہے۔

چیرمین پی پی پی نے کہا کہ اگر سندھ اور بلوچستان کے عوام نے اپنے احساس محرومی، جنوبی پنجاب کے عوام نے اپنا حق لینے ، پنجاب کے عوام نے حکومت کی نااہلی اور خیبر پختون خوا کے عوام نے انسانی حقوق کی پاسداری کے لئے اسلام آباد پر چڑھائی کا فیصلہ کرلیا تو تمہاری جعلی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے، ہمارے صبر کو لبریز نہ کرو تم سے پہلے بھی فرعون آئے ان سے سبق سیکھو۔

 

ٹیگس