Jan ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۱:۵۸ Asia/Tehran
  • پاکستان: کالعدم تنظیم کے دو دہشتگرد ہلاک، 3 گرفتار

سی ٹی ڈی نے فیصل آباد اور بہاولپور میں دہشتگردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 2 دہشتگردوں کو ہلاک اور تین کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق فیصل آباد میں ایک مبینہ مقابلے کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عدیل اور عثمان کے نام سے ہوئی۔ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس،اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشتگرد امریکی شہری اور پاکستان کے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کے اغوا میں بھی ملوث تھے۔

ملزمان نے فیصل آباد ڈی گراؤنڈ کے قریب 2 پولیس افسران کو بھی ہلاک کیا تھا اور ملتان میں حساس ادارے کے افسران کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

در ایں اثناء سی ٹی ڈی نے بہاول پور شہر میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 3 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹر اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے، دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

 

ٹیگس