Jan ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۶:۵۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں حزب  اختلاف کی مشترکہ حکمت عملی

پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی خبر دی ہے ۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ ،حزب اختلاف نے حکومت کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا۔انھوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کااتحاد ہوگیا ہے اور تمام اپوزیشن پارٹیوں کی نمایندگی کے لیے کمیٹی بنادی گئی ہے۔پاکستانی میڈیا کے مطابق حزب اختلاف کے رہنماؤں کا اجلاس اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے چیمبر میں ہوا،جس میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، نوید قمر،مولانا اسعد الرحمٰن،امیر حیدر خان ہوتی ، شاہدخاقان عباسی، احسن اقبال اور رانا تنویر نے شرکت کیاجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال پر سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حکومت کو فری ہینڈ دینے سے ملک خطرے سے دوچار ہوسکتا ہے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے آصف علی زرداری کی گفتگو کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا اتحاد ہوسکتا ہے؟ جس پر سابق صدر نے کہا کہ اتحاد ہوگیا ہے۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے اور تمام مسائل کے حل کےلئے مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معاشی بحران حکومت کی بدترین نااہلی کا ثبوت ہے ،معاشی ،انسانی اور جمہوری حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا ،میثاق جمہوریت کوآگے بڑھا یا جائے گا ۔