Feb ۰۸, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۹ Asia/Tehran
  • پاک وہند کے مابین مذاکرات

پاکستان نے ہندوستان کو کرتار پور راہدری پر مذاکرات کے لیے 13 مارچ کی تاریخ تجویز کردی۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کرتارپور راہداری پر مذاکرات کے لیے پاکستان نے ہندوستان کو 13 مارچ کی تاریخ تجویز کردی ہے اور کہا ہے کہ پاکستانی وفد 13 مارچ کو ہندوستان کا دورہ کرے گا۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ ہماری تجویز ہے کہ پاکستانی وفد کے دورے کے بعد ہندوستانی وفد جواب میں 28 مارچ کو پاکستان کا دورہ کرے، پاکستان ہندوستان کی جانب سے مثبت جواب کا منتظر ہے۔

واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر کرتار پور راہداری کھولنے کے ارادے کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ جواب میں ہندوستان نے بھی پاکستان کو اپنا وفد نئی دہلی بھیجنے کی تجویز دی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان اپنا وفد 26 فروری یا پھر 7 مارچ کو نئی دہلی بھیج سکتا ہے۔

ٹیگس